مرے جسور و غیور رہبر
عظیم قائد!
نشانِ عزمِ صمیم قائد!
میں تیری تصویر دیکھتا ہوں
جو میرے سینے میں جاگزیں ہے
تو سوچتا ہوں
کہ جس کا یہ عکسِ دلربا ہے
وہ شخص خود کس قدر جلیل و جمیل ہو گا
ذہین ہو گا، شکیل ہو گا
میں تیرے پُرعزم و تازہ چہرے کو دیکھتا ہوں
تو سوچتا ہوں
عظیم لوگوں کا ایک اک نقش جاوداں ہے
ضیائے عظمت کی کہکشاں ہے
بصیرتِ دل کا آسماں ہے
عزیمتوں کا نیا جہاں ہے
یہ تیرا چہرہ، حسین چہرہ
ترے خیالوں کا رازداں ہے
ترے اصولوں کا ترجماں ہے
تری چمکتی ہوئی عقابی نگاہ کی روشنی سے
ہم کو ملا ہے نورِ یقینِ محکم
جو زیست کا ہے نشانِ پیہم
عمل کا پرچم
تری جبیں کی کشادگی
اتحادِ فکر و نظر کا پیغام بخشتی ہے
سکوں کا انعام بخشتی ہے
ترے لبوں کی خموش خوشبو
شعورِ تنظیم دے رہی ہے
ہمیں محبت کے ہفت اقلیم دے رہی ہے
عمل کی تعلیم دے رہی ہے
0 comments:
Post a Comment